(ڈاکٹرجمال ناصر)
اس وقت دنیا کی آبادی تقریباً 8 ارب ،جس میں مسلمانوں کی تعداد 2 ارب یعنی 25 فیصد اور وہ57 مسلم اکثریتی ممالک میں آباد ہیں۔یہودیوں کی تعداد تقریباً ایک کروڑ 60لاکھ جو عالمی آبادی کا محض0. 2فیصد بنتی ہے۔ اسرائیل کی آبادی تقریباً ایک کروڑ ہے جبکہ آبادی کے اس بڑے فرق کے باوجود اسرائیل نے سائنس، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، سائبر سیکورٹی، دفاعی صنعت اور جدید تحقیق کے میدان میں غیر معمولی ترقی حاصل کی ،جسکی بدولت وہ عالمی سیاست، معیشت اور دفاعی معاملات میں ایک نمایاں قوت بن چکا ہے۔ قدرتی وسائل سے مالا مال 57 مسلم ممالک سائنسی، صنعتی اور تکنیکی ترقی میں مطلوبہ مقام حاصل نہیں کر سکے۔ ایک زمانہ تھا جب مسلمان طب، ریاضی، فلکیات، فلسفے اور سائنسی تحقیق میں دنیا کی رہنمائی کرتے تھے لیکن وقت گزرنے کیساتھ مسلمانوں نے تحقیق اور تعلیم کو وہ اہمیت دینا چھوڑ دی جو کسی قوم کے عروج کیلئے ضروری ہوتی ہے۔ تقریباً تین سو سال پہلے یورپ میں سائنسی انقلاب، صنعتی ترقی اور جدید تعلیمی اداروں کا ایک نیا دور شروع ہوا اور انہوں نے یونیورسٹیوں، تحقیقی مراکز، صنعتی اداروں اور سائنسی تجربہ گاہوں میں بڑے پیمانےپر سرمایہ کاری کی کیونکہ انہوں نے سمجھ لیا تھا کہ مستقبل کی اصل طاقت علم، تحقیق اور ٹیکنالوجی میں پوشیدہ ہے جبکہ مسلم دنیا کے بیشتر حکمرانوں نے اقتدار، ذاتی مفادات اور شاہانہ طرزِ زندگی کو ترجیح دی۔ورلڈ انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (WIPO) کے مطابق دنیا اس وقت تحقیق و ترقی پر تقریباً 3.8 ٹریلین ڈالر، یعنی 3800 ارب ڈالر خرچ کررہی ہے۔ چین اور امریکہ کے سالانہ تحقیقی اخراجات بالترتیب785اور 781 ارب ڈالر جبکہ پاکستان صرف 70کروڑ ڈالر خرچ کرتا ہے۔ اسرائیل کے 36ارب ڈالر اور بھارت کے تحقیقی اخراجات بھی تقریبا اتنے ہی سالانہ ہیں۔ عالمی سطح پر تحقیق پر اوسطاً GDP کا2.36 فیصد خرچ کیا جاتا ہے جبکہ 57مسلم ممالک میں یہ شرح 0. 35فیصد ہے۔ پاکستان میں یہ شرح 0. 6فی صد اور متحدہ عرب امارات میں1.5فیصدہے جبکہ اسرائیل اپنی مجموعی قومی پیداوار کا 5.5 فیصد تحقیق و ترقی پر خرچ کرنیوالے ممالک میں شامل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسرائیل نے سائبر سیکیورٹی، مصنوعی ذہانت، دفاعی ٹیکنالوجی، طبی سائنس، زرعی تحقیق اور جدید صنعتی شعبوں میں نمایاں صلاحیت پیدا کرلی ہے۔اسرائیل کے اردگرد موجود آٹھ عرب ممالک کے تحقیقی اخراجات مجموعی طور پر15 سے 18 ارب ڈالرہیں۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ خطے کے کئی ممالک دولت مند ہونے کے باوجود سائنسی تحقیق میں مطلوبہ سرمایہ کاری نہیں کر رہے اور انہیں متعدد شعبوں میں بیرونی ٹیکنالوجی اور مصنوعات پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔مسلم دنیا کی پسماندگی کی دوسری بڑی وجہ باہمی اتحاد اور مشترکہ سائنسی ومعاشی تعاون کا فقدان ہےاوروہ سیاسی اختلافات، علاقائی مفادات، فرقہ وارانہ تقسیم اور باہمی عدم اعتماد کی وجہ سے مشترکہ ترقی کے بے شمار مواقع ضائع کردیتے ہیں۔ اسکے برعکس مغربی ممالک مشترکہ تحقیقی منصوبوں، تعلیمی تبادلوں، صنعتی شراکت داری اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو وسعت دے رہے ہیں۔ نوآبادیاتی دور کے اثرات بھی مسلم دنیا کی ترقی میں ایک بڑی رکاوٹ ہیں۔ زیادہ تر مسلم ممالک 150سال سے مغربی طاقتوں کے زیر تسلط رہے اور آزادی کے بعد وہ اپنےنظام کو خود مختار اور جدید نہ بنا سکے۔ وہ ابھی مقامی صنعت، ٹیکنالوجی اور تحقیق کو فروغ دینے کے بجائے بیرونی مصنوعات اور ٹیکنالوجی پر انحصار کرتے ہیں اور اپنی بڑی دولت دوسرے ممالک کو منتقل کرتے ہیں۔کمزور حکمرانی، جمہوری اداروں کا فقدان، انصاف کی عدم دستیابی، میرٹ کی پامالی حکمران طبقے کی دولت اور جائیداد کی بیرون ملک منتقلی اور مقامی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی بھی مسلم ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔مسلم دنیا کا ایک اور بڑا المیہ برین ڈرین (Brain Drain) ہے کیونکہ یہاں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے ہزاروں ڈاکٹرز، انجینئرز، سائنس دان اور محققین بہتر مستقبل، جدید سہولتوں، مناسب تنخواہوں اور تحقیقی مواقع کی تلاش میں امریکہ، کینیڈا، برطانیہ اور یورپی ممالک کا رخ کرجاتے ہیں۔ آج مسلم ممالک کے نو جوان دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں، تحقیقی اداروں اور کالجوں سے تعلیم یافتہ ہوکر گوگل، ناسا اور مائیکروسافٹ جیسے اہم اداروں میں کام کرکے اپنا نام بنارہے ہیں۔یہ ذہین نوجوان جب بیرونِ ملک جا کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں تو انہیں اپنے ہی ممالک میں وہ ماحول، وسائل، عزت اور مواقع کیوں فراہم نہیں کیے جاتے جن کی بدولت وہ اپنے وطن کی ترقی میں کردار ادا کر سکیں۔ مغربی ممالک نے سمجھ لیا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے ہی ہم ترقی کرسکتے ہیں جبکہ بیشترمسلمان حکمران گویا اس مصرعے کے عامل بن گئے کہ ” بابر بہ عیش کوش کی عالم دوبارہ نیست”۔ مسلم ممالک کے پاس بے انتہا دولت ہے لیکن اس دولت کو وہ بیرون ملک بھیج دیتے ہیں اور جسے استعمال کرکے یورپ اور مغربی ممالک مریخ کو فتح کرنے کی باتیں کررہے ہیں۔ مسلمانوں کا دوبارہ عروج اسی وقت ممکن ہے جب وہ علم، تحقیق، تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور صنعتی ترقی کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گے۔دنیا میں عزت اور طاقت صرف آبادی، قدرتی وسائل، دولت یا نعروں سے حاصل نہیں ہوتی بلکہ علم، تحقیق، اتحاد، انصاف، مضبوط اداروں اور مسلسل محنت سے حاصل ہوتی ہے۔ اگر مسلم دنیا اپنے وسائل کو صحیح سمت میں استعمال کرے، نوجوانوں کو جدید تعلیم دے، سائنس دانوں کی سرپرستی کرے، باہمی تعاون کو فروغ دے اور تحقیق کو قومی ترجیح بنا لے تو وہ عالمی ترقی میں دوبارہ اپنا مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔
خدا نے آج تک اس قوم کی حالت نہیں بدلی
نہ ہو جس کو خیال آپ اپنی حالت کے بدلنے کا

