کنڑ فلموں کے مشہور اداکار شیوا راجکمار نے امریکہ میں کینسر کی کامیاب سرجری کے بعد اپنی مکمل صحت یابی کا اعلان کیا۔ اپنی صحت کے بارے میں مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے، 62 سالہ اداکار نے کہا کہ "میں مضبوطی سے واپس آؤں گا۔”
شیوا راجکمار کا علاج فلوریڈا کے میامی کینسر سینٹر میں کیا گیا، جہاں ان کی مثانے کے کینسر کی سرجری ہوئی۔انہوں نے علاج کے دوران اپنی ذہنی کیفیت اور خاندان و مداحوں کی حمایت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اداکار نے نئے سال کے موقع پر ایک خصوصی پیغام میں اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ"آپ سب کی محبت اور دعاؤں نے مجھے اس مشکل وقت میں سہارا دیا۔”
شیوا راجکمار نے گزشتہ برسوں میں کئی آزمائشوں کا سامنا کیا، خاص طور پر اپنے بھائی پونیتھ راجکمار کے انتقال کو ایک گہرا صدمہ قرار دیا۔پونیتھ راجکمار کے نقصان کو انہوں نے ایک بچے کو کھونے کے درد کے مترادف بتایا، لیکن اپنے مداحوں کی حمایت نے انہیں مضبوطی دی۔
شیوا راجکمار نے مداحوں کو یقین دلایا کہ وہ جلد ہی اپنی فلمی زندگی میں واپس آئیں گے، مزید بہتر اور پرعزم انداز میں۔ ان کی صحت یابی ان کے مداحوں اور فلم انڈسٹری کے لیے خوشخبری ہے۔