پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مغدام نے اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ یہ ملاقات دو طرفہ تعلقات، علاقائی امور، اور غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال کے لیے منعقد ہوئی۔
ایران کے سفیر رضا امیری مغدام نے مولانا فضل الرحمان کی قیادت کو سراہا، خاص طور پر فلسطینی کاز کے لیے ان کے عزم اور جدوجہد کی تعریف کی۔انہوں نے کہاکہ "فضل الرحمان جیسے مدبر رہنماؤں کے ساتھ مشاورت ان چیلنجنگ حالات میں نہایت ضروری ہے۔”ایرانی سفیر نے جے یو آئی-ف کے فلسطین کے حق میں مظاہروں اور غزہ کے دفاع کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے پارٹی کی فلسطینی عوام کی مسلسل حمایت پر خراج تحسین پیش کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے مسلم ممالک، خصوصاً پاکستان، ایران، ترکی، سعودی عرب، اور ملائیشیا پر زور دیا کہ وہ فلسطین کی حمایت کے لیے عملی اقدامات کریں اور ایک متحدہ اسلامی محاذ تشکیل دیں۔ مولانا فضل الرحمان نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف مسلم دنیا کو فیصلہ کن اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے اپنی پارٹی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا: "ہم نے عوام کے ساتھ مل کر اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا ہے۔”