پاکستان کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل (ر) فیصل رسول لودھی نے ایک رسمی تقریب میں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔ تقریب مالدیپ کے صدر دفتر میں منعقد ہوئی، جس میں اعلیٰ مالدیوی حکام نے شرکت کی۔
ملاقات کے دوران صدر معیزو نے ہائی کمشنر لودھی کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وائس ایڈمرل لودھی نے پاکستان کے صدر اور وزیراعظم کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں اور تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
بات چیت میں مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا، جن میں باہمی فائدہ مند تجارتی مواقع کی تلاش تعلیم اور صحت میں عوامی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے اشتراک۔موسمیاتی تبدیلی میں مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے شراکت داری،سیاحتی صنعت کے فروغ کے امکانات اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی کوششیں شامل تھیں۔
دونوں رہنماؤں نے مذہبی وابستگی، اعتماد، اور احترام پر مبنی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ صدر معیزو نے موجودہ تعاون کے فریم ورک کو جاری رکھنے پر زور دیا، جبکہ ہائی کمشنر لودھی نے مشترکہ مفادات کو فروغ دینے میں پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا۔

