اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے فرانسیسی صدر کے حالیہ الزامات کو بے بنیاد، متضاد اور قیاس آرائیوں پر مبنی قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ فرانسیسی صدر کے الزامات دراصل "عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کے ایک منصوبہ بند عمل” کا حصہ ہیں۔ ایران نے عالمی امن، سلامتی، اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے خطے میں صیہونی جارحیت کے خلاف کھڑے رہنے کے عزم کو دہرایا۔
ترجمان نے فرانسیسی صدر کے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بیانات کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی جوہری سرگرمیاں بین الاقوامی قوانین اور ایٹمی توانائی ایجنسی کی سخت نگرانی کے تحت جاری ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایک بیان میں کہا کہ "غاصب صیہونی حکومت خطے کے امن اور استحکام کے لیے فوری اور حقیقی خطرہ ہے، جو امریکہ اور یورپی ممالک کی حمایت سے مقبوضہ فلسطین میں نسل کشی اور جارحیت میں مصروف ہے۔”
ترجمان نے فرانسیسی صدر کے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی حکومت جو نسل کش صیہونی ریاست کا ساتھ دے رہی ہے، ایران جیسے ملک پر الزام تراشی کر کے عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ایران نے اس بات پر زور دیا کہ فرانسیسی حکومت جو خود ایران کے ساتھ کیے گئے جوہری معاہدے پر عملدرآمد سے گریزاں رہی ہے اور صیہونی حکومت کی حمایت کرتی ہے، اسے دوسروں پر الزام تراشی کرنے کا کوئی حق نہیں ہے

