امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لگی آگ سے ہالی ووڈ کی معروف شخصیات کے گھر خاکستر ہو گئے۔۔۔ شوبز کی تمام سرگرمیاں منسوخ کر دی گئیں اور ہزاروں ایکڑوں پر بنے گھر چھوڑ کر معروف اکادار اور اداکارائیں علاقہ چھوڑ گئیں۔۔
شہر کے شمالی علاقوں میں تیز ہواؤں کے باعث پھیلنے والی آگ نے کئی گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، خاص طور پر مشہور پیسیفک پیلیسیڈز کے علاقے میں، جہاں مشہور شخصیات کے مہنگے گھروں کو نقصان پہنچا۔
گلوکارہ اور اداکارہ پیرس ہلٹن نے انسٹاگرام پر بتایا کہ ان کا مالیبو میں واقع گھر آگ کی نذر ہو گیا ہے، اسی طرح، ہیڈی مونٹگ اور اسپینسر پراٹ نے بھی اپنے گھر کے جلنے کی اطلاع دی۔
غیر ملکی میڈیا نے ایڈم بروڈی اور لیٹن میسٹر کے گھر کی ویڈیو شیئر کی جو آگ کی لپیٹ میں تھا، جبکہ اداکارہ اینا فیرس کا گھر مکمل طور پر راکھ میں تبدیل ہو چکا ہے
15 بار آسکر کے لیے نامزد ہونے والی گیت نگار ڈیان وارن نے بتایا کہ ان کا تقریباً 30 سال پرانا بیچ ہاؤس بھی آگ کی لپیٹ میں آ گیا ہے۔ اسی طرح، رکی لیک نے بھی اپنے گھر کے تباہ ہونے کی تصدیق کی۔
فلم ٹاپ گن میورک کے اسٹار مائلز ٹیلر اور ان کی اہلیہ کیلیگ کا 75 لاکھ ڈالر مالیت کا گھر بھی آگ کی نذر ہوچکا ہے۔
گلوکارہ اور اداکارہ مینڈی مور نے اپنی رہائش گاہ سے محفوظ مقام پر نقل مکانی کی، انہوں نے انسٹاگرام پر اپنے گھر کے جلنے کے بارے میں بتایا۔
اداکار بین افلیک کا بھی 20 لاکھ ڈالر کا گھر آگ نذر ہوگیا۔
آتشزدگی کے باعث آسکر نامزدگیوں کی تاریخ بھی آگے بڑھا کر 19 جنوری گردی گئی ہے جبکہ کئی فلموں کے پریمیئر بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔
امریکی شہر لاس اینجلس میں لگنے والی آگ کے باعث لاکھوں لوگوں کی طرح مشہور بھارتی ماڈل نورا فتیحی کو بھی ہنگامی طور پر گھر چھوڑنا پڑگیا۔
نورا فتیحی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹگرام پر بتایا کہ آگ کے بڑھنے کے سبب انہیں اور ان کی ٹیم کو ہنگامی طور پر نقل مکانی کرنی پڑی۔
نورا فتیحی نے لکھا کہ میں اس وقت لاس اینجلس میں ہوں اور یہاں لگنے والی آگ کی شدت بہت زیادہ ہے، میں نے کبھی ایسا منظر نہیں دیکھا۔