دبئی :دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کے انتقال پر اظہار تعزیت کےلئے جمعرات کو اسماعیلی سینٹر دبئی کا دورہ کیا۔ جاری بیان کے مطابق اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کی زندگی انسانیت کی غیر متزلزل خدمت پر مبنی تھی اور وہ دنیا بھر کے پسماندہ اور کمزور لوگوں کے لئے امید کی کرن تھے۔
انہوں نے پرنس کریم آغا خان چہارم کی ملک کی ترقی میں قابل ذکر خدمات کو یاد کرتے ہوئے پاکستان اور پرنس کریم آغا خان چہارم کے درمیان گہرے تعلق پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ خدمت خلق کی ان کی پائیدار وراثت آنے والی نسلوں کےلئے متاثر کن رہے گی ۔
انہوں نے اسماعیلی برادری کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا جو ایک غیر معمولی عالمی انسانی رہنما کے انتقال پر غمزدہ ہے۔