دہلی الیکشن: بی جے پی کی 26 سال بعد تاریخی فتح، عام آدمی پارٹی کو دس سال بعد شکست
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے دہلی کے ریاستی انتخابات میں عام آدمی پارٹی (آپ) کو عبرتناک شکست دے کر 26 سال بعد دارالحکومت میں حکومت بنانے کا موقع حاصل کر لیا۔ وزیرِاعظم نریندر مودی نے اس جیت کو ‘ترقی اور اچھی حکمرانی کی جیت’ قرار دیا، جبکہ عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے شکست تسلیم کرتے ہوئے بی جے پی کو مبارکباد دی۔
بی جے پی نے 1998 کے بعد پہلی مرتبہ دہلی کے ریاستی انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کی ہے، جسے پارٹی کے لیے ایک بڑی سیاسی فتح قرار دیا جا رہا ہے۔
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق بی جے پی نے 70 میں سے دو تہائی نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی ہے۔عام آدمی پارٹی نے اپنی کئی اہم نشستیں گنوا دی ہیں، جبکہ پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال بھی اپنی نشست ہار چکے ہیں۔کانگریس اس الیکشن میں بری طرح ناکام رہی اور صرف چند نشستیں جیت سکی۔
بی جے پی کی فتح کے بعد وزیرِاعظم نریندر مودی نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "دہلی کے عوام نے ترقی، شفافیت اور اچھی حکمرانی کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔ ہم عوام کی خدمت کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔”
وزیر داخلہ امیت شاہ نے بی جے پی کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ "یہ جیت وزیرِاعظم مودی کی قیادت پر عوام کے اعتماد کا نتیجہ ہے۔ دہلی کے شہریوں نے کرپشن اور ناقص حکمرانی کو مسترد کر دیا ہے۔”
عام آدمی پارٹی کے سربراہ کیجریوال پر الزام ہے کہ انہوں نے شراب لائسنس اسکیم میں بدعنوانی کے ذریعے مالی فوائد حاصل کیے۔ اس کیس میں انہیں قید کا سامنا بھی کرنا پڑا، جسے انہوں نے مودی حکومت کا سیاسی انتقام قرار دیا تھا۔
انتخابی مہم کے دوران عام آدمی پارٹی نے تعلیم، صحت اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو اپنی کامیابی کی بنیاد قرار دیا، مگر بی جے پی کے انتخابی مہم کے جارحانہ انداز اور کرپشن کے الزامات نے عوامی رائے کو ان کے خلاف کر دیا۔
بی جے پی کے ہزاروں کارکنوں نے پارٹی ہیڈکوارٹر اور دہلی کی مختلف سڑکوں پر جشن منایا۔ پارٹی دفتر کے باہر آتشبازی کی گئی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔