واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ ایک معاہدہ کرنا چاہتے ہیں اور یہ کہ ’اگر ہم کوئی معاہدہ کرتے ہیں تو اسرائیل ان پر بمباری نہیں کرے گا۔
نیویارک پوسٹ کو انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے زور دے کر کہا کہ وہ ایک معاہدہ چاہتے ہیں اور اس معاہدے کو ایران پر بمباری کرنے پر ’ترجیح‘ دیں گے۔
امریکی صدر نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کے موضوعات کا ذکر نہیں کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ’میں آپ کو یہ بتانا پسند نہیں کرتا کہ میں انھیں کیا بتانے جا رہا ہوں۔ یہ اچھا کام نہیں ہے۔‘
امریکی صدر نے کہا کہ انھیں امید ہے کہ ’وہ ایسا نہ کرنے کا فیصلہ کریں گے جو وہ فی الحال کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔‘
امریکی صدر کے یہ الفاظ ایک ایسے وقت پر سامنے آئے ہیں جب ایران کے جوہری پروگرام کے ہتھیاروں کی تیاری کی طرف پیش قدمی کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں اور ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے واضح طور پر امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔
19 فروری کو آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا تھا کہ سابقہ جوہری مذاکرات کے تجربے اور حتمی جے سی پی او اے کو دیکھتے ہوئے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کرنا ’عقلمندی نہیں، یہ ذہانت پر مبنی فیصلہ نہیں ہوگا، یہ مہذب نہیں ہوگا۔‘