بھارت کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کا ٹی ٹونٹی میں نیا عالمی ریکارڈ۔۔۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ٹی20 کرکٹ میں 13 ہزار رنز مکمل کرلیے۔
آئی پی ایل 2025 میں رائل چیلنجرز بنگلورو اور ممبئی انڈینز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ویرات کوہلی ٹی20 کرکٹ میں تیز ترین 13 ہزار رنز بنانے والے پہلے بھارتی اور دوسرے عالمی بلے باز بن گئے۔
مجموعی طور پر ٹی20 کرکٹ میں اب تک صرف 5 کھلاڑی ہی 13 ہزار رنز بناچکے ہیں جن میں ویرات کوہلی پہلے بھارتی بلے باز ہیں۔
بھارت کی جانب سے ٹی 20 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں روہت شرما دوسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے 438 اننگز میں 11851 رنز بنائے ہیں۔
کوہلی سنچریوں کے معاملے میں بھی بھارتی بلے بازوں میں سرفہرست ہیں۔۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں 9 سنچریاں بنا رکھی ہیں جن میں سے 8 آئی پی ایل میں بنی ہیں۔
آئی پی ایل 2025 کے میچ میں ویرات کوہلی نے رائل چیلنجرز بنگلورو کی نمائندگی کرتے ہوئے ممبئی انڈینز کے خلاف 42 گیندوں پر 67 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ 36 سالہ کوہلی نے اس میچ میں ٹی20 کرکٹ میں اپنے 13 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔
ویرات کوہلی نے 403 ٹی20 میچوں کی 386 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا اور یوں وہ ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری بلے باز اور رائل چیلنجرز بنگلورو میں ویرات کوہلی کے ساتھی کرس گیل کے بعد یہ سنگ میل عبور کرنے والے دوسرے تیز ترین بیٹر بن گئے جب کہ کرس گیل 381 اننگز میں 13 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔
آئی پی ایل 2024 کے دوران کوہلی نے صرف 360 اننگز میں گیل کے بعد دوسرے تیز ترین بلے باز کے طور پر 12 ہزار ٹی 20 رنز مکمل کیے تھے۔