کراچی : پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کپتان محمد رضوان کی ناقابل شکست جارحانہ سینچری کی مدد سے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 235 رنز کا ہدف دیا ہے
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیتا اور ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور شائے ہوپ نے اننگز کا آغاز کیا، شائے ہوپ صرف 8 رنز بنانے کے بعد حسن علی کا شکار بنے جب کہ عثمان خان بھی 19 رنز بنانے کے بعد اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، تاہم اس موقع پر ملتان سلطانز نے صرف 9 اوورز میں 2 وکٹوں پر 82 رنز بنا لیے تھے۔
چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے کامران غلام میدان میں اترے، اور کپتان رضوان کے ساتھ مل کر 15ویں اوور میں ٹیم کا مجموعی اسکور 145 رنز تک پہنچا دیا، تاہم اس موقع پر کامران غلام 19 گیندوں پر جارحانہ 36 رنز بنا کر ہمت ہار بیٹھے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 5 چوکے شامل تھے۔
محمد رضوان کا ساتھ دینے مائیکل بریس ویل کریز پر آئے اور شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 17 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 44 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
دوسرے اینڈ پر کپتان رضوان بھی آج جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور 5 چھکوں اور 9 چوکوں کے ساتھ 63 گیندوں پر 105 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، اس طرح 20 اوورز میں ملتان سلطان نے 3 وکٹیں کھو کر 234 رنز بنائے اور کراچی کنگز کو جیت کے لیے 235 رنز کا ہدف دیا۔