چیلنجز سے نمٹنے کے عوام، مذہبی قیادت، سول ادارے اور مسلح افواج کو ایک صفحے پر آنا ہوگا: میجر جنرل نیک نام محمد

0

ڈیرہ اسماعیل خان: البرک ڈویژن کے جی او سی میجر جنرل نیک نام محمد بیگ کی زیر صدارت چہکان فورٹ میں ایک عظیم الشان جرگہ منعقد ہوا، جس میں علاقے بھر سے ممتاز علما، مشائخ اور قبائلی مشران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

جی او سی نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے خطے کی سیکیورٹی صورتحال، امن و امان کے قیام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں، اور ریاستی بیانیے کے فروغ پر تفصیل سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عوام، مذہبی قیادت، سول ادارے اور مسلح افواج کو ایک صفحے پر آنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم مزید قربانیوں کی متحمل نہیں ہو سکتی، اب وقت آ گیا ہے کہ مذہبی رہنما عوام کی مثبت سمت میں رہنمائی کریں اور انتہا پسندی کے خلاف فکری محاذ پر صف آرا ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی نظریے، تحریک یا ذاتی مفاد کو قومی سلامتی اور اجتماعی ترقی پر فوقیت نہیں دی جا سکتی۔

جرگے میں شریک علما و مشائخ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کا اعلان کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے اپنے دائرۂ اثر میں امن، اتحاد اور ہم آہنگی کا پیغام عام کریں گے۔

جرگے کا اختتام اس متفقہ فیصلے پر ہوا کہ مقامی سطح پر انتہا پسندی کے خاتمے، ریاستی اداروں پر اعتماد کی بحالی اور معاشرے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.