جمہوریہ روانڈا کے وزیر خارجہ، اولیورجین پیٹرک ندوہنگرے اپنے پہلے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام اور پاکستان میں روانڈا کے ہائی کمشنر نے ان کا پرتباک استقبال کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، وزیر خارجہ ندوہنگرے اپنے قیام کے دوران وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ اور دیگر وفاقی وزراء سے بھی ملاقاتیں طے ہیں، جن میں دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اپنے دورے کے دوران، روانڈا کے وزیر خارجہ اسلام آباد میں نئے روانڈا ہائی کمیشن کا باقاعدہ افتتاح بھی کریں گے، جو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو مزید تقویت دے گا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ پاکستانی کاروباری برادری سے بھی ملاقات کریں گے، تاکہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکیں
یہ دورہ اس اعتبار سے بھی اہمیت رکھتا ہے کہ یہ روانڈا اور پاکستان کے درمیان مستقل سفارتی مشنز کے قیام کے بعد پہلا اعلیٰ سطحی تبادلہ ہے۔ ماہرین کے مطابق، اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، تجارتی، تعلیمی اور ثقافتی تعاون کو فروغ ملے گا۔