ترکیہ نے بھارت کے جارحانہ بیانات پر پاکستان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور انہیں صدر ایردوان کا پیغام پہنچایا۔
ترک سفیر نے کہا کہ بھارت پہلگام کے فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان کے خلاف جارحانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہے۔ پاکستان نے غیر مشروط طور پر تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور اس کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں ترک سفیر نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کے لیے تحمل سے کام لینے پر زور دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نےکہا کہ بھارت کو قابل اعتماد، شفاف اور غیر جانب دار بین الاقوامی تحقیقات کی پاکستان کی پیشکش کا جواب دینا ہے، اگر ترکیہ اس میں شامل ہوتا ہے تو اس کا خیرمقدم کیا جائےگا
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے لیے ترکیہ کی حمایت دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے ۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی اشتعال انگیز کارروائیوں کے باوجود پاکستان کا ردعمل ذمہ دارانہ رہا ہے، پاکستان نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا بھارت پاکستان کو پہلگام واقعہ سے جوڑنے کی سازش کر رہا ہے، بھارت پہلگام واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کسی بھی قسم کا ثبوت دینے میں ناکام رہا ہے۔
اس موقع پر ترک سفیر کا کہنا تھا ترکیہ پاکستان کے مؤقف کا حامی ہے، ان کا کہنا تھا خطے میں کشیدگی کو کم کرنے اور جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے موجودہ بحران میں تحمل سے کام لینے کی ضرورت ہے۔