پنجاب میں شدید آندھی، طوفان اور موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی۔۔ ریسکیو حکام کے مطابق مختلف شہروں میں 10 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔۔
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں طوفان بادو باراںاور چھتیں گرنے کے باعث2 افراد جاں بحق 6 شہری زخمی ہوئے۔
ریسکیو1122 کو شہر کے مختلف مقامات سے گھروں کی چھتوں سے گرنے کی 6 کالز موصول ہوئیں۔۔
پارک ویو سٹی ملتان روڈ پر دو مزدور 38 سالہ نوید اور 45 سالہ رمضان زیر تعمیر مکان کی چھت سے گر کر شدیدزخمی ہوگئے۔
ایل ڈی اے سگنل رائےونڈ روڈ پر گھر کی تیسری منزل سے گر کر 21 سالہ علی حسن شدیدزخمی ہو گیا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔۔
جزاک سٹی ملتان روڈ میں زیر تعمیر گھر کی تیسری منزل سے گر کر 40 سالہ مزدور زاہد موقع پر ہی دم توڑ گیا
برکی روڈ پر گھر کی پہلی منزل سے گر کر 16 سالہ عمیر شدید زخمی ہوگیا۔۔ آندھی کے باعث دیوار گرنے سے 55 سالہ کبریٰ بی بی شدید زخمی ہوگئیں۔۔
چونگی امد سدھو میں چھت سے گر کر60 سالہ نذیر موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ 50 سالہ رمضان شدید زخمی ہوئے۔
تمام زخمیوں کو طبی امداد دیتے ہوئے بلترتیب ٹی ایچ کیو رائے ونڈ، جناح، انڈس،ایل جی ایچ، سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا۔۔
لاہور میں آندھی اور طوفان کے بعد بارش ہوئی جس کے باعث پورے شہر کی بجلی بند ہوگئی، کئی درخت جڑوں سے اکھڑگئے، قذافی اسٹیڈیم کے کئی بوتھ اڑگئے، سرچ لائٹس کے پول گرگئے جس کی وجہ سے لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پریکٹس منسوخ کردی گئی۔
اسلام آباد میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی، اولے بھی گرے۔ آب پارہ میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، بارشوں کے باعث راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
چکوال میں طوفانی بارش کے باعث کلر کہار کے قریب موٹر وے ایم ٹو کو کئی گھنٹوں کے لیے بند کرنا پڑ گیا۔
ملتان، حافظ آباد، گوجرانوالا، اٹک اور سیالکوٹ میں بھی آندھی چلی، جس سے دن میں رات کا منظر ہوگیا، مختلف شہروں میں متعدد مقامات پر سولر پینل اڑگئے۔
پنجاب کے علاوہ خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی بارش ہوئی۔ پشاور میں مٹی کا طوفان آیا تو مالا کنڈ، ایبٹ آباد، مردان، چارسدہ اور مانسہرہ سمیت مختلف شہروں میں بارش ہوئی۔
سوات میں پانی مکانوں اور دکانوں میں داخل ہوگیا، ژالہ باری سے فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا۔
آزادکشمیر میں وادی نیلم اور مظفر آباد سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی، سیلابی پانی کے باعث باڑیاں سیری کے مقام پر شاہراہ نیلم بند ہوگئی۔