وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل (NEC) کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ اہداف، قومی ترقیاتی پلان، پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (PSDP) اور میکرو اکنامک اہداف کی منظوری دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے لیے تقریباً 4000 ارب روپے کا قومی ترقیاتی بجٹ تجویز کیا گیا ہے، جس میں 1000 ارب روپے پی ایس ڈی پی کے لیے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔ کمیٹی نے جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 4.2 فیصد رکھنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء کے علاوہ چاروں صوبوں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس کے دوران زرعی، صنعتی اور سروسز سیکٹر کی ترقی کے اہداف پر بھی غور کیا جائے گا تاکہ معیشت کے تمام شعبے یکساں طور پر ترقی کی راہ پر گامزن ہوں۔
یاد رہے کہ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس اس سے قبل 5 جون کو طلب کیا گیا تھا، تاہم اب اسے ایک روز پہلے یعنی 4 جون کو منعقد کیا جا رہا ہے تاکہ وفاقی بجٹ کی تیاری کو حتمی شکل دی جا سکے۔