پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں سولر پینلز کی تنصیب کے لیے باقاعدہ قواعد و ضوابط جاری کر دیے ہیں۔ انرجی ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات کی روشنی میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو باضابطہ مراسلہ جاری کیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کے مطابق، سولر سسٹمز صرف الٹرنیٹو انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ (AEDB) کے منظور شدہ ماہرین سے ہی نصب کرائے جائیں۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عمارت مالکان، سولر وینڈرز اور انسٹالرز کو باقاعدہ ایس او پیز فراہم کریں۔
اعلامیے کے مطابق:
- سولر سسٹمز کی تنصیب سے قبل حساس عمارتوں، اسکولوں، اسپتالوں اور دفاتر کا فوری جائزہ لیا جائے۔
- میونسپل کارپوریشنز اور بلڈنگ اتھارٹیز کو گائیڈ لائنز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
- پینلز کو محفوظ، مضبوط اور سیل بند انداز میں نصب کیا جائے۔
- نکاسی آب کے راستے بند نہ ہوں، اور چھت کی صفائی کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔
- ژالہ باری سے بچاؤ کے لیے ہائی امپیکٹ ریٹنگ والے سولر پینلز کا انتخاب کیا جائے۔
یہ اقدامات صوبے میں قابل تجدید توانائی کے فروغ کے ساتھ ساتھ عمارتوں کی حفاظت اور شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔