پیانگ یانگ — شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے یوکرین میں روس کے ساتھ جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے شمالی کوریائی فوجیوں کو ایک سرکاری تقریب میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک کی شراکت داری کو "حب الوطنی کی مقدس جنگ” قرار دیا ہے۔
اتوار کے روز گرینڈ تھیٹر، ایسٹ پیانگ یانگ میں ہونے والی اس تقریب کا مقصد روس-شمالی کوریا فوجی تعاون کے معاہدے کی پہلی سالگرہ منانا تھا، جس میں شمالی کوریا اور روسی فنکاروں نے مشترکہ پرفارمنس پیش کی۔
تقریب کے دوران ویڈیو اسکرینز پر شمالی کوریائی پرچم میں لپٹے تابوت،کم جونگ ان کی جانب سے ان تابوتوں پر ہاتھ پھیرتے لمحات اور میدان جنگ سے ملی ایک خون آلود نوٹ بک بھی دکھائی گئی۔اس نوٹ بک میں "کم کی کمان میں بہادری سے لڑنے” کا عہد درج تھا۔
یہ پہلی بار ہے کہ شمالی کوریا نے سرکاری طور پر یوکرین میں اپنی فوجیوں کی موجودگی اور ان کی ہلاکتوں کا عوامی اعتراف کیا ہے۔اس سے پہلے پیانگ یانگ فوجی تعیناتی سے انکار کرتا رہا، لیکن اب اسے "قومی فخر” کا درجہ دیا جا رہا ہے۔
کم جونگ ان نے فوجیوں کو "فتح کے ہیرو” قرار دیا،یادگار بنانے کا اعلان کیااور قبروں پر پھول چڑھائے۔
ان کے ساتھ تقریب میں ان کی بہن کم یو جونگ وزیر خارجہ چو سون ہوئی اور روسی وزیر ثقافت اولگا لیوبیمووا بھی موجود تھیں۔