پیرس : پیرس میں ایک صدی بعد شہریوں اور سیاحوں کو دریائے سین میں نہانے کی اجازت مل گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دریائے سین کا پانی آلودہ ہونے کی وجہ سے حکومت کی جانب سے 1923 میں شہریوں کے نہانے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ انتظامیہ نے 1.4 بلین یورو کی لاگت سے اس دریا کی صفائی کے کام کو مکمل کیا جس کے بعد اب دریا کے 3 مقام کو تیراکی کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال اگست کے آخر تک دریا میں مقرر کردہ اوقات میں 10 یا 14 سال کے کم عمر افراد بھی دریا کے مفت مزے لے سکیں گے جبکہ ان کی نگرانی کیلئے لائف گارڈز کو بھی تعینات کیا جائےگا۔
خیال رہے کہ دریائے سین 2024 کے پیرس اولمپکس مقابلوں میں نمایاں رہا چاہے وہ افتتاحی تقریب ہو یا ٹرائیتھلون اور اوپن واٹر تیراکی، تاہم شدید بارش کے باعث بیکٹیریا کی تعداد بڑھنے کی وجہ سے کچھ مقابلے مؤخر کردیےگئے تھے۔