علاقائی امن، تعاون اور کثیر الجہتی سفارت کاری پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے
کوالالمپور – پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار آسیان ریجنل فورم (ARF) کے 32ویں وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے جمعرات کو ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور پہنچ گئے۔
کوالالمپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نائب وزیراعظم کا استقبال پاکستان کے سفیر سید احسن رضا اور ملائیشین وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے کیا۔
32ویں ARF اجلاس میں 27 رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور نمائندے آسیان کے سیکرٹری جنرل کے ہمراہ ایشیا پیسفک میں سیاسی و سیکیورٹی پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اجلاس کا مقصد خطے میں امن، استحکام اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق”نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ARF کے مینڈیٹ کے تحت بات چیت اور تعاون کے ذریعے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔”
اجلاس کے موقع پر اسحاق ڈار کی ملائیشیا کے وزیر خارجہ اور دیگر غیر ملکی ہم منصبوں سے دو طرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں اقتصادی روابط کا فروغ، عوامی روابط میں وسعت، پاکستان-آسیان تعلقات کی مضبوطی اور ان کے ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔
کوالالمپور میں اپنے قیام کے دوران، نائب وزیراعظم ملائیشیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات بھی کریں گے۔ یہ ملاقات بیرون ملک پاکستانیوں سے رابطے کو فروغ دینے اور ان کے کردار اور تعاون کو تسلیم کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔
پاکستان آسیان ریجنل فورم کا ایک اہم ڈائیلاگ پارٹنر ہے، جو امن، سفارت کاری اور علاقائی استحکام کے حوالے سے فعال کردار ادا کرتا ہے۔ آسیان خطے کے ساتھ پاکستان کی تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی اور سیکیورٹی میں تعاون کو بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں۔

