باسیٹیری – پاکستان کے پہلے ہائی کمشنر محمد سلیم نے کیریبین ریاست سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے گورنر جنرل ڈیم مارسیلا اے لیبرڈ کو باضابطہ لیٹر آف کریڈینشلز پیش کرتے ہوئے ایک تاریخی سفارتی باب کا آغاز کیا ہے۔
یہ اہم تقریب باسیٹیری کے گورنمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوئی، جہاں دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کے قریبی اور بامعنی تعلقات کی بنیاد رکھی گئی۔
ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کی قیادت اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا”پاکستان سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے ساتھ سیاسی مذاکرات، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، سیاحت اور ترقیاتی تعاون سمیت ہر ممکن شعبے میں باہمی مفاد پر مبنی تعلقات قائم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔”
محمد سلیم اوٹاوا، کینیڈا میں مقیم پاکستان کے غیر رہائشی ہائی کمشنر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔جنوری 2024 میں پاکستان اور سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات قائم ہوئے۔یہ تعیناتی کیریبین میں پاکستان کی پہلی رسمی موجودگی کی علامت ہے۔
ڈیم مارسیلا لیبرڈ نے ہائی کمشنر کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا”پاکستان کا یہ قدم خوش آئند ہے اور ہمیں تعلیم، صحت، توانائی، اور سیاحت جیسے شعبوں میں شراکت داری کے نئے امکانات نظر آتے ہیں۔”
پاکستان نے حالیہ برسوں میں دنیا کے غیر روایتی خطوں میں سفارتی اثر و رسوخ بڑھانے کی پالیسی اپنائی ہے، جس کے تحت کیریبین ممالک کے ساتھ روابط قائم کیے جا رہے ہیں اقوام متحدہ اور دولت مشترکہ (Commonwealth) میں قریبی ہم آہنگی بڑھائی جا رہی ہے ڈائاسپورا کمیونٹی کو متحرک کرنے اور تجارت کو فروغ دینے کے اقدامات ہو رہے ہیں.