یہود دشمنی اور یہود مخالفت روکنے میں ناکام امریکی یونیورسٹیز وائٹ ہاؤس کے نشانے پر آ گئیں۔۔ کولمبیا یونیورسٹی نے جرمانہ ادا کر دیا جس کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے دیگر یونیورسٹیوں سے بھی رابطے کر لئے۔۔ کئی یونیورسٹیوں نے جرمانے ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس ایسی کئی یونیورسٹیوں پر جرمانے عائد کرنے کی کوشش کر رہا ہے
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق اہلکار نے وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی انتظامیہ کئی یونیورسٹیوں سے مذاکرات کر رہی ہے، جن میں کورنیل، ڈیوک، نارتھ ویسٹرن اور براؤن شامل ہیں۔
اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکی انتظامیہ نارتھ ویسٹرن اور براؤن، اور ممکنہ طور پر کورنیل کے ساتھ معاہدوں کے قریب ہے۔
اس اہلکار نے مزید کہا کہ ہارورڈ ملک کی قدیم ترین اور امیر ترین یونیورسٹی ہے، جس کے ساتھ معاہدہ وائٹ ہاؤس کے لیے ایک اہم ہدف ہے۔
کولمبیا یونیورسٹی نے بدھ کے روز کہا تھا کہ وہ وفاقی حکومت کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت 20 کروڑ ڈالر سے زائد کی رقم ادا کرے گی، تاکہ وفاقی تحقیقات کا تصفیہ ہو سکے اور اس کی معطل شدہ وفاقی فنڈنگ کو بحال کیا جا سکے۔