راولپنڈی – پاک فوج کے عظیم سپوت، اور نشانِ حیدر حاصل کرنے والے پہلے شہید، کیپٹن محمد سرور شہید کا 77واں یومِ شہادت آج پورے ملک میں عقیدت، فخر اور احترام کے جذبات کے ساتھ منایا گیا۔
ملک بھر میں منعقدہ تقریبات میں شہید کے بے مثال کارناموں کو یاد کیا گیا اور وطن کے لیے ان کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ مختلف مساجد میں قرآن خوانی اور اجتماعی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا جن میں علمائے کرام نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
گوجر خان میں واقع ان کے مزار پر ایک پروقار تقریب ہوئی، جہاں میجر جنرل عاکف اقبال سمیت اعلیٰ فوجی افسران، شہید کے لواحقین، طلباء اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہید کی قبر پر پھول چڑھائے گئے اور وطن کے دفاع میں ان کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
صدر مملکت، وزیراعظم، اور دیگر اعلیٰ حکومتی و عسکری شخصیات نے کیپٹن محمد سرور شہید کو ان کے یومِ شہادت پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، کیپٹن سرور شہید نے 27 جولائی 1948 کو پہلی کشمیر جنگ کے دوران تلپترہ سیکٹر میں دشمن کے خلاف لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ مادرِ وطن کے دفاع میں ان کی شجاعت، قربانی اور ولولہ ناقابلِ فراموش ہے، اور نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ کیپٹن سرور شہید کی شہادت پاک فوج کے اُس اعلیٰ عزم کا مظہر ہے جو وطن کی خودمختاری، سالمیت اور امن کے لیے ہر قیمت پر قربانی دینے کا حوصلہ رکھتی ہے۔
مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن کی خاطر جان قربان کرنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اور شہید کی بے مثال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔