لاہور ہائیکورٹ نے سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی نااہلی کے خلاف دائر درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے این اے 175 مظفر گڑھ کے انتخابی شیڈول کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔
چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے درخواست پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کیا، جس میں کئی اہم آئینی اور قانونی نکات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 14 جولائی کو جاری کردہ انتخابی شیڈول کا نوٹیفکیشن فی الحال معطل کیا جا رہا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ درخواست میں جو نکات اٹھائے گئے ہیں وہ نہ صرف الیکشن کمیشن کے فیصلے بلکہ عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق بھی سنجیدہ قانونی سوالات پیدا کرتے ہیں۔
عدالت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نوٹس جاری کیا ہے جبکہ اٹارنی جنرل آف پاکستان کو آئین کے آرٹیکل 27-اے کے تحت نوٹس جاری کیا گیا ہے تاکہ وہ اس معاملے پر عدالت کی معاونت کریں۔ کیس کی آئندہ سماعت 10 ستمبر 2025 کو مقرر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جمشید دستی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے اپنی نااہلی کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ ان کی نااہلی غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔