اسلام آباد – سابق نگران وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مداخلت سے کاروباری برادری کو ایف بی آر کے سخت اور متنازع قوانین سے بچا لیا گیا ہے، جو طویل عرصے سے تاجروں میں تشویش کا باعث بنے ہوئے تھے۔
ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں گوہر اعجاز نے کہا کہ آج ٹیکس گزاروں کے لیے بڑی کامیابی کا دن ہے۔ انہوں نے کہا”فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تاجروں کی عزت و وقار کا تحفظ کیا ہے، اور ان کے مطالبات کے پیش نظر فنانس ایکٹ میں اصلاحات کی گئی ہیں۔”
گوہر اعجاز کے مطابق فنانس ایکٹ کے سیکشن 37-A میں ترمیم کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ کسی بھی تاجر کو مشاورت کے بغیر گرفتار نہیں کیا جا سکے گا کاروباری شخصیات کے خلاف انکوائری یا تحقیقات سے قبل کمیٹی کی منظوری ضروری ہوگی
نئے فیصلے کے تحت فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI)، ملک بھر کے 18 چیمبرز آف کامرس پر مشتمل کمیٹی کی منظوری کے بغیر کسی کاروباری شخصیت کے خلاف کارروائی ممکن نہیں ہوگی، جسے تاجر طبقہ ایک ‘سیف گارڈ’ قرار دے رہا ہے۔
ملک بھر میں کاروباری برادری نے طویل عرصے سے ایف بی آر کے سخت قوانین پر تنقید کی تھی،ان خدشات کو ملک کے بڑے چیمبرز آف کامرس نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے سامنے پیش کیا تھا، جنہوں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مذکورہ اصلاحات کے لیے راستہ ہموار کیا۔