ریاض (راناعظیم سے) سفارت خانہ پاکستان ریاض میں پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان کے سفیر برائے سعودی عرب احمد فاروق نے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ سبز ہلالی پرچم بلند کیا۔
تقریب میں سفارت خانہ کے سفارتی افسران، تینوں مسلح افواج کے افسران اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ پاکستان ایک خودمختار اور آزاد ملک کی حیثیت سے دنیا میں اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع میں قوم کے بیٹے اور بچے بھی شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے جنہیں آج ہم پوری عقیدت و احترام سے یاد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ جرات اور بہادری کے ساتھ ملک کا دفاع کیا اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
تقریب کے اختتام پر یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا اور شرکاء نے وطنِ عزیز کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے دعا کی۔