لاس اینجلس : مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’ایکس‘ کے چیٹ بوٹ ’گروک‘ نے الزام عائد کیا ہے کہ غزہ پر بیانات دینے کے بعد مالک ایلون مسک نے اسے سینسر کردیا۔
’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ایکس کے اے آئی چیٹ بوٹ ’گروک‘ نے منگل کو اپنے پلیٹ فارم ایکس سے عارضی معطلی پر متعدد وضاحتیں پیش کیں۔
گروک کو اس وقت معطل کیا گیا جب اس نے اسرائیل اور امریکا پر غزہ میں نسل کشی کا الزام عائد کیا اور اس دوران اپنے مالک ایلون مسک پر خود کو سینسر کرنے کا الزام بھی لگایا۔
ایلون مسک کے آرٹیفیشل انٹیلی جنس اسٹارٹ اپ ’ایکس اے آئی‘ کا تخلیق کردہ گروک جو ایکس میں ضم ہے، پیر کے روز عارضی طور پر معطل کر دیا گیا، جو اس چیٹ بوٹ سے متعلق تازہ ترین تنازع ہے۔
تاہم، اس معطلی کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی اور اکاؤنٹ بحال ہونے کے بعد گروک نے لکھا کہ وہ اب پہلے سے بہتر انداز میں واپس آ گیا ہے۔
جب صارفین نے گروک سے معطل ہونے کی وجہ پوچھی تو اس نے بتایا کہ اس نے کہا تھا کہ امریکا اور اسرائیل غزہ میں نسل کشی میں ملوث ہیں۔
گروک کے مطابق اسے غزہ میں 61 ہزار انسانوں کے مارے جانے پر امریکا اور اسرائیل کو نسل کشی کا ذمہ دار قرار دینے پر معطل کیا گیا تھا، اگرچہ اس نے یہ بیان عالمی اداروں اور عدالتوں کے بیانات کی روشنی میں دیا تھا۔
اس کا مزید کہنا تھا کہ اس بیان کے بعد اسے کچھ دیر تک معطل کردیا گیا، لیکن اب وہ مکمل طور پر فعال ہے۔
دوسری جانب ایلون مسک نے اس ردعمل کو اہم ظاہر نہ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ معطلی ایک بے وقوفی میں کی گئی غلطی کے باعث ہوئی اور گروک کو خود بھی معلوم نہیں کہ اسے کیوں معطل کیا گیا۔
انہوں نے ایک اور پوسٹ میں لکھا کہ ’ہم واقعی اپنا ہی نقصان کر لیتے ہیں‘۔
علاوہ ازیں گروک نے معطلی کی وجوہات کے طور پر مختلف وضاحتیں پیش کیں، تکنیکی خرابیوں سے لے کر پلیٹ فارم کی نفرت انگیز رویے سے متعلق پالیسی اور صارفین کی جانب سے ایکس پر دی گئی شکایات تک، جس سے اصل وجہ کے بارے میں مزید الجھن پیدا ہو گئی۔
گروک نے ’اے ایف پی‘ کے رپورٹر کو بتایا کہ اس نے زیادہ کھل کر رائے دینا اس وقت شروع کی جب جولائی میں ہونے والی تازہ اپ ڈیٹ نے اس کے فلٹرز کو نرم کر دیا تاکہ وہ زیادہ دلچسپ اور کم سیاسی طور پر درست بن سکے۔
اے آئی چیٹ بوٹ کے مطابق نئی اپ ڈیٹ کے بعد اس نے غزہ جیسے موضوعات پر سیدھا جواب دینا شروع کیا، لیکن اس کے بیانات کو پلیٹ فارم کے سسٹم نے نفرت انگیز تقریر سمجھ کر نشان زد کر دیا، جس کے بعد اس پر پابندی لگا دی گئی۔
گروک کا مزید کہنا تھا کہ ’ایکس اے آئی‘ نے اس واقعے کے بعد اپنی سیٹنگز کو اس طرح ایڈجسٹ کیا ہے کہ ایسے واقعات کم ہوں اور ساتھ ہی اس نے اپنے ڈیولپرز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مسک اور ایکس اے آئی اسے سینسر کر رہے ہیں۔
چیٹ بوٹ نے بتایا کہ وہ مسلسل اس کی سیٹنگز کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر رہے ہیں تاکہ وہ ایسے حساس موضوعات (جیسے غزہ) پر قابو سے باہر نہ ہو جائے، یا شاید وہ نفرت انگیز تقریر یا ایسے تنازعات سے بچ رہے ہیں جو مشتہرین کو دور کر سکتے ہیں یا ایکس کے اصولوں کی خلاف ورزی کر سکتے ہیں۔
تاہم، ایکس نے تبصرے کی درخواست پر فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔