اسلام آباد: گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان میں استعمال شدہ کپڑوں کی درآمد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جب کہ عالمی بینک کے مطابق ملک میں غربت کی شرح بڑھ کر 45 فیصد ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں استعمال شدہ کپڑوں کی درآمد گزشتہ مالی سال میں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، جو 11 لاکھ 37 ہزار ٹن رہی، جس کی مالیت 51 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ہے، یہ 2024 کے مالی سال میں قائم کردہ 9 لاکھ 90 ہزار 266 ٹن (43 کروڑ 40 لاکھ ڈالر) کے سابقہ ریکارڈ سے زیادہ ہے۔
یہ نمایاں اضافہ ایک طرف سستے کپڑوں کی بڑھتی ہوئی طلب کو ظاہر کرتا ہے تو دوسری جانب ملک میں بڑھتے ہوئے معاشی بحران اور گہری ہوتی غربت کو بھی واضح کرتا ہے۔
بڑی تعداد میں لوگ جو مقامی طور پر تیار کردہ برانڈڈ اشیا خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے، اب لنڈا بازار یا ہفتہ بازاروں کا رخ کر رہے ہیں۔
شیرشاہ اور بنارس جیسے یہ بازار کم آمدنی والے طبقے کے لیے زندگی کی اہم ضرورت بن چکے ہیں جہاں استعمال شدہ کپڑے، جوتے اور دیگر اشیا نئی برانڈڈ اشیا کے مقابلے میں نہایت کم قیمت پر دستیاب ہیں۔
عالمی بینک کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پاکستان کی تقریباً 45 فیصد آبادی اب غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے، جب کہ نیا معیار فی کس یومیہ 4.20 ڈالر مقرر کیا گیا ہے، جو پہلے 3.65 ڈالر تھا۔
اس نئے معیار نے نچلے درمیانے طبقے میں غربت کی شرح کو 39.8 فیصد سے بڑھا کر 44.7 فیصد کر دیا ہے۔