لودھراں : پشاور سے آکر لاہور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس لودھراں ریلوے اسٹیشن کے قریب بڑے حادثے کا شکار ہوگئی، ٹرین کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں ایک مسافر جاں بحق جبکہ 21 زخمی ہوگئے۔
ابتدائی اطلاع کے مطابق ٹرین لودھراں جنکشن پر رک نہ سکی اور ٹریک پر پہلے سے کھڑی مال گاڑی کے انجن سے جا ٹکرائی۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد موقع پر خوفناک مناظر دیکھنے میں آئے، مسافروں کی چیخ و پکار سے فضا گونج اٹھی۔ بوگیوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کی۔
ریسکیو 1122، پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا ہے جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر لودھراں ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نزیر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی نے ڈی ایچ کیو اسپتال میں ٹرین حادثے کے زخمی مسافروں کی عیادت اور انہیں ناشتہ بھی فراہم کیا، لودھراں ٹرین کے مسافروں کے آرام کے لیے میونسپل اسٹیڈیم میں انتظامات مکمل کر دیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر لودھراں نے جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔
جاں بحق ہونے والے مسافر کی شناخت وقاص کے نام سے ہوئی ہے جو خوشاب کا رہائشی تھا۔
حادثے کے باعث ڈاؤن ٹریک بند ہوگیا، ریلوے عملے کو امدادی کام جلد مکمل کرکے ڈاؤن ٹریک بحال کرنے کی ہدایت کر دی گئیں۔ حادثہ والی ٹرین کے مسافروں کو متبادل ٹرین کے ساتھ منزل کی طرف روانہ کر دیا گیا۔
وزیر ریلوے نے جائے حادثہ کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے 7 روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔