پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ ٹیم میں اتحاد نہیں ہے ایسا ہم باہر سے سنتے ہیں،گھر میں بھی چھوٹی چھوٹی چیزیں ہوجاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کی باتیں ٹیم میں رہنی چاہئیں، باہر والوں کا اپنا پوائنٹ آف ویو ہے اس کا احترام کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کی پاکستان کے لیے بڑی پرفارمنسز ہیں، تاہم جن کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا، ہمیں ان کو بھی سپورٹ کرنا چاہیے۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ آج دوسری پریکٹس کر رہے ہیں، ایشیا کپ کے بڑے میچ سے پہلے ٹرائی نیشن سیریز سے فائدہ ملے گا۔
انہوں نے کہا ان کا کہنا تھا کہ ٹی 20 میں کوئی بھی ٹیم آسان نہیں ہوتی، ہماری ینگ ٹیم ہے۔۔ ایشیا کپ سے کافی پہلے یہاں آگئے ہیں، تیاری کرنے کا اچھا موقع ملے گا۔۔
واضح رہے کہ 17 اگست کو پاکستان، افغانستان اور امارات کے درمیان سہ فریقی سیریز اور ایشیاکپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا تھا، 17رکنی اسکواڈ کی قیادت سلمان علی آغا کریں گے جبکہ فخر زمان کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔
پاکستانی اسکواڈ میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، سلمان علی آغا(کپتان)، حسن نواز، محمد حارث، حسین طلعت، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، سلمان مرزا، حسن علی، سفیان مقیم، ابرار احمد، خوشدل شاہ اور محمد وسیم شامل ہیں۔
سہ فریقی سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ میں جبکہ ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک ابوظبی اور دبئی میں ہوگا۔