تہران :ایران نے پاکستانی سرحد سے ملحقہ صوبہ سیستان بلوچستان میں ایک خفیہ اور خطرناک کارروائی کے دوران چھ دہشت گردوں کو ہلاک اور دو کو گرفتار کر لیا ہے، جنہیں ایران نے اسرائیل سے منسلک صیہونی ایجنٹس قرار دیا ہے۔
ایرانی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق ایک ایسے گروہ سے تھا جو مشرقی ایران میں انتہائی اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ کارروائی ایران کی انٹیلیجنس ایجنسی کی جانب سے کی گئی جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جھڑپ کے دوران دو انٹیلیجنس اہلکار اور ایک پولیس افسر زخمی ہو گئے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ گروپ میں شامل دہشت گرد غیر ملکی تھے اور ان کے قبضے سے صیہونی ایجنڈے سے متعلق دستاویزات بھی برآمد کی گئی ہیں۔
ایرانی حکام کے مطابق یہ گروہ ایران کے اندر تخریب کاری، دہشت گردی اور جاسوسی کے مشن پر تھا، جس کا ہدف ملک کے مشرقی علاقے میں ایک اہم اسٹریٹیجک تنصیب کو نشانہ بنانا تھا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ دہشت گرد گروہ کا مرکزی سیل سات غیر ایرانی شدت پسندوں پر مشتمل تھا تاہم ان کی شہریت ظاہر نہیں کی گئی۔
یاد رہے کہ سیستان بلوچستان وہی خطہ ہے جہاں حالیہ دنوں میں شدت پسند تنظیموں جیش العدل اور انصار الفرقان کی کارروائیوں میں کئی سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔
یہ صوبہ ایران کی سنی بلوچ اقلیت کا گڑھ اور سب سے زیادہ حساس علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔