لاہور، کراچی: پنجاب اور سندھ میں طوفانی بارشوں کا ایک اور سپیل شروع ہوگیا۔
سیہون شریف، میرپورخاص، خیر پور، سکھر اور عمرکوٹ میں موسلادھار بارش ہوئی، نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے، کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی بارش ہوئی، شہر قائد میں اگلے دو روز تیز بارش کی پیش گوئی کر دی گئی۔
فیصل آباد میں تیز بارش ہوئی، کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، جہلم میں موسلادھار بارش سے اربن فلڈنگ جاری کردی گئی، گلیاں اور سڑکیں تالاب بن گئیں، شہر کا بڑا حصہ پانی میں ڈوب گیا، نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، پنجاب کے کئی شہروں میں مزید بارش کا امکان پیدا ہوگیا۔
جنوبی پنجاب کے شہروں میں بھی تیز بارش متوقع ہے، 10ستمبر تک ملک کے مختلف شہروں میں بادل برسنے کی پیش گوئی کردی گئی، پی ڈی ایم اے کے مطابق بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے، سندھ میں بھی بارشوں سے سیلابی صورتحال ہوگی۔
میئرکراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، نالوں کی صورتحال کا جائزہ لیا، کراچی کے تمام نالوں اور چوکنگ پوائنٹس کو کلیئر رکھنے کی ہدایت کی۔