لاہور: مون سون بارشوں کی طوفانی اننگز، مختلف علاقوں میں کھل کر برسات ہوئی۔
لاہور میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سڑکوں اور گلیوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، پانی والا تالاب میں سب سے زیادہ 113 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اقبال ٹاؤن میں 98، لکشمی چوک میں 96، فرخ آباد میں 95 ملی میٹر بارش ہوئی۔
فیصل آباد میں بارش کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، چوبیس گھنٹوں میں 320 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، کراچی میں ایک بار پھر بادلوں کی انٹری ہوگئی، میمن گوٹھ، گلشن حدید، سٹیل ٹاؤن، گلشن معمار میں تیز بارش ہوئی۔
فیروز والا، رینالہ خورد، پسرور میں بھی بادل خوب برسے، گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، میر پور خاص، نوشہرو فیروز میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی، اہم شاہراہیں پانی پانی ہوگئیں، بہاولپور اور لودھراں میں بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ 24 گھنٹے میں شدید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی، جہلم، چکوال، سیالکوٹ، راولپنڈی، مری گلیات میں بارشیں متوقع ہیں۔
ڈیرہ غازی خان رود کوہیوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا، بڑے شہروں میں ندی نالے بپھر سکتے ہیں۔