ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں مالی سال کے پہلے دوماہ میں سالانہ بنیادوں پر 22 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق جولائی اور اگست میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 364ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 22فیصد کم ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 467ملین ڈالرریکارڈ کیا گیا تھا،اگست میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 156ملین ڈالر رہا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلہ میں 43فیصد کم ہے۔
گزشتہ سال اگست میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کاحجم 272ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا،جولائی کے مقابلہ میں اگست میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں ماہانہ بنیادوں پر25فیصدکی کمی ہوئی ہے،جولائی میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 208ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جو اگست میں کم ہوکر156ملین ڈالر ہوگیا۔
مالی سال کے پہلے دوماہ میں خوراک کے شعبہ میں 14.3ملین ڈالر،ٹیکسٹائل 2.7ملین ڈالر،پیٹرولیم ریفائننگ 6.3ملین ڈالر،کان کنی 6ملین ڈالر، فارما 2.9ملین ڈالر،سیمنٹ سازی 2.3ملین ڈالر، برقی مشینری 25.8ملین ڈالر،مشینری 25.8ملین ڈالر،ٹرانسپورٹ آلات 9.1ملین ڈالر، بجلی 156.9ملین ڈالر،تجارت 11.1ملین ڈالر اور مالیاتی بزنس کے شعبہ میں 110.2ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے۔