امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی اقدامات کی وجہ سے یرغمالی رہا نہیں ہو رہے، اسرائیل نے مغویوں کی رہائی سے دستبرداری اختیار کر لی ہے، نیتن یاہو فلسطینیوں کے ساتھ امن کے قیام کو روکنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر قطر نے کہا کہ اسرائیل کے وزیراعظم کا خواب ہے کہ عرب خطہ اسرائیل کے زیر اثر آئے، بین الاقوامی تعلقات میں زیادتی کرنے والا برداشت کو کمزوری اور ناکامی سمجھتا ہے، دوحا میں اسرائیلی حملے میں ایک قطری سمیت 6 افراد شہید ہوئے، قطر پر حملہ بین الاقوامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی اور ایک سنگین جرم ہے، قطر پر حملے کو ہم نے ریاستی دہشت گردی قرار دیا ہے، اسرائیل نے امن قائم کرنیوالے ملک پر حملہ کیا، گزشتہ دو سال سے غزہ کی جنگ ختم کرنے کی بھرپور کوششیں کررہے ہیں، مصر اور امریکا کے ساتھ ہماری ثالثی کے نتیجے میں 148 مغویوں کی رہائی ہوئی، کوئی بھی فریق مذاکراتی وفد کو قتل کرنے کی کوشش نہیں کرتا ۔