چینی وزیرِاعظم لی چیانگ کا کہنا ہے کہ دنیا ایک نئے ہلچل اور تبدیلی کے دور میں داخل ہو رہی ہے، یکطرفہ رویے اور سرد جنگ کی ذہنیت دوبارہ سر اُٹھا رہی ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب میں چینی وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں تمام ممالک کے جائز سلامتی خدشات کا احترام کرنا چاہیے، چین اہم تنازعات کے سیاسی حل کو فروغ دینے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
چینی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں اختلافات اور تنازعات کو بات چیت اور مشاورت کے ذریعے پُرامن طور پر حل کرنا چاہیے۔ صرف حقیقی کثیرالجہتی دنیا میں ہی تمام فریقین کے حقوق اور مفادات کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی انسانیت کے سامنے ایک بڑا چیلنج ہے، ہم معاشی ترقی برقرار رکھنے اور عالمی معاشی نمو کیلئے سہارا فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ہمیں مشترکہ مفادات تلاش کرنے اور اسے وسیع کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔