روسی افواج نے 27 ستمبر کی رات یوکرین پر بڑے پیمانے پر ڈرون حملہ کیا، جس میں وسطی یوکرین کے علاقے ونیتسیا کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، علاقائی اور فوجی حکام کے مطابق حملے کے باعث ریلوے سروس متاثر ہوئی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ونیتسیا کی ڈپٹی ریجنل ہیڈ نتالیہ زابولوتنا نے فیس بک پر لکھا کہ علاقہ روس کے ڈرون حملوں کی زد میں ہے اور ایک اہم تنصیب کو نقصان پہنچا ہے، انہوں نے بعدازاں بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور ٹرین سروس بحال کر دی گئی ہے۔
یوکرین کی فضائیہ کے مطابق روس نے رات بھر میں 115 ڈرونز لانچ کیے جن میں سے 97 کو مار گرایا یا ناکارہ بنا دیا گیا۔ ان میں سے 70 سے زائد ایرانی ساختہ شاہد ڈرون تھے۔ فوج کے مطابق 17 ڈرونز نے چھ مقامات پر ہدف کو نشانہ بنایا جبکہ مارگرائے گئے ڈرونز کا ملبہ دو دیگر علاقوں میں گرا۔