پاکستان کے نوجوان باکسر سمیر خان نے یو بی او یوتھ ورلڈ بینٹم ویٹ چیمپئن شپ جیت کر پاکستان کو پہلی بار ٹائٹل دلوا دیا۔ بینکاک کے باکسنگ رِنگ میں بھارت کو شکست دے کر سمیر خان نے تاریخ رقم کر دی۔
پاکستانی باکسر سمیر خان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلی بار یوتھ ورلڈ بینٹم ویٹ ٹائٹل اپنے نام کیا۔ سمیر خان نے بھارتی حریف بنٹی سنگھ کو ناک آؤٹ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
باون کلوگرام کیٹیگری کے مقابلے میں سمیر خان ابتدا سے ہی بھارتی حریف پر حاوی رہے۔ ان کے "جیٹ سیلیبریشن” انداز نے بھارتی باکسر کا اعتماد مزید متزلزل کر دیا۔ ریفریز کے متفقہ فیصلے نے بھی سمیر خان کو فاتح قرار دیا۔
کامیابی کے بعد سمیر خان نے کہا کہ وہ یہ اعزاز پاکستان کے عوام اور خصوصاً پاک فوج اور شہداء کے نام کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جیت انفرادی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔