وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہورہی ہے۔ فی الحال اضافی ٹیکس اقدامات زیر غور نہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح گیارہ فیصد پر لانے کا ہدف پورا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ کہا عدالتوں میں کئی ٹیکس مقدمات زیرالتوا ہیں۔ ان مقدمات میں پیشرفت سے ٹیکس وصولیوں کا امکان ہے۔
قبل ازیں سینیٹرسلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں وزیرخزانہ نے کہا کہ ملک میں میکرو اکنامک استحکام آچکا ہے، حکومت اس سال نومبرکےآخرمیں25 کروڑ ڈالر کا پانڈا بانڈ جاری کرے گی، مجموعی طور پر بتدریج1ارب ڈالر کے پانڈا بانڈ جاری کیےجائیں گے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ اگلے مالی سال کا بجٹ ایف بی آر نہیں بنائے گا، نیا بجٹ وزارت خزانہ کا ٹیکس پالیسی آفس بنائے گا، ٹیکس پالیسی آفس کو فعال کر رہے ہیں، ٹیکس پالیسی آفس پورا سال بجٹ پر مشاورت کرے گا۔