لکی مروت — خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے عسکری و سول قیادت نے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کر لیا ہے۔ تمام اداروں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ لکی مروت کو دہشت گردی اور فتنہ الخوارج سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے متحد ہو کر کام کیا جائے گا۔
پاک فوج کے زیر اہتمام منعقدہ اجلاس میں پولیس، سول انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں امن و امان کی بہتری، انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی اور مربوط آپریشنز کے طریقہ کار پر تفصیلی غور کیا گیا۔
تقریب میں جنرل آفیسر کمانڈنگ (GOC)، آر پی او، اور کمشنر بنوں سمیت اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ علاقے کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی مزید سخت کی جائے گی اور مختلف اداروں کے درمیان انٹیلی جنس شیئرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل آفیسر کمانڈنگ نے پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "پولیس کے جوانوں نے امن کے لیے جو قربانیاں دی ہیں وہ قابلِ فخر ہیں، اور ہم سب مل کر ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔”
اجلاس میں شرکاء نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ اداروں کے درمیان اعتماد اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط کیا جائے گا تاکہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو حتمی انجام تک پہنچایا جا سکے۔