ریاض — سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی الشیخ نے اعلان کیا ہے کہ سالانہ تفریحی میلہ "ریاض سیزن 2025” کا نیا ایڈیشن 10 اکتوبر کو شاندار انداز میں لانچ کیا جائے گا۔ اس سال کا ایڈیشن ماضی کے تمام سیزنز سے زیادہ متنوع، جدید اور عالمی معیار کے تفریحی تجربات سے بھرپور ہوگا۔
ترکی الشیخ کے مطابق، ریاض سیزن 2025 میں تقریباً 11 تفریحی زونز، 15 بین الاقوامی چیمپئن شپ، اور 34 نمائشیں و تہوار شامل ہوں گے، جو دنیا بھر سے لاکھوں تفریحی شائقین کو اپنی جانب متوجہ کریں گے۔
اس سال کے سیزن میں شائقین کے لیے سب سے بڑی سرپرائز ’’بیسٹ لینڈ (Best Land)‘‘ کے قیام کی صورت میں سامنے آئے گی، جو ہٹین محلے میں بلیوارڈ کے قریب قائم کیا جا رہا ہے۔ بیسٹ لینڈ میں
-
40 سے زائد عالمی معیار کی دکانیں اور ریستوران
-
15 سے زیادہ جدید موشن رائڈز
-
12 سے زائد منفرد تفریحی تجربات
پیش کیے جائیں گے۔
دوسری جانب، سیزن کا مقبول ترین زون بلیوارڈ سٹی بھی اس بار نئے انداز میں جلوہ گر ہوگا، جہاں
-
6 نئے تجربات
-
80 سے زائد ریستوران
-
14 سے زیادہ خلیجی، عرب اور بین الاقوامی کنسرٹس
منعقد کیے جائیں گے۔
ترکی الشیخ نے بتایا کہ اس سال تین نئے ممالک — انڈونیشیا، کویت، اور جنوبی کوریا — پہلی بار ریاض سیزن کا حصہ بنیں گے۔ اس کے علاوہ تقریباً 14 سعودی، شامی اور بین الاقوامی ڈرامے بھی پیش کیے جائیں گے۔
کھیلوں کے شائقین کے لیے "سکس کنگز سلیم ٹینس ٹورنامنٹ” کا انعقاد بھی کیا جائے گا، جس میں دنیا کے چھ بہترین کھلاڑی اپنی مہارت کا مظاہرہ کریں گے۔
ریاض سیزن سعودی عرب کے تفریحی وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد عالمی سطح پر سعودی عرب کو سیاحت اور تفریح کا مرکز بنانا ہے۔ یہ سیزن مقامی معیشت میں نئی جان ڈالنے، سیاحوں کو راغب کرنے اور تفریحی صنعت کو فروغ دینے کے لیے سنگ میل ثابت ہو رہا ہے۔