سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود اسلام آباد پہنچ گئے۔ ان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی سعودی کاروباری وفد بھی شامل ہے جو پاکستان میں مختلف ملاقاتیں کرے گا۔
شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کے دورۂ پاکستان کے دوران، سعودی وفد پاکستانی قیادت، سرکاری حکام، چیمبرز آف کامرس اور نجی کاروباری اداروں سے ملاقاتیں کرے گا۔ملاقاتوں میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوگا۔یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔دونوں ممالک سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کے فریم ورک کے تحت اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں تجارت و سرمایہ کاری میں آسانیوں، کاروباری روابط کے فروغ اور نئے منصوبوں پر بھی بات چیت ہوگی۔
دونوں ممالک کا عزم ہے کہ تعاون کے یہ اقدامات سعودی وژن دو ہزار تیس اور پاکستان کے معاشی ترقیاتی ایجنڈے کے مطابق آگے بڑھائے جائیں۔