وزیراعظم نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے طے شدہ معاملات پر عمل درآمد کا عندیہ دیتے ہوئے کشمیریوں کے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آزاد کشمیر میں مذاکراتی عمل مکمل کرنے والی حکومتی کمیٹی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کشمیر کی تازہ صورتحال، مذاکراتی پیش رفت اور آئندہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، مشیر وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ، وفاقی وزراء احسن اقبال، محمد اورنگزیب، سردار محمد یوسف، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، احد خان چیمہ اور چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان شریک تھے۔
وزیرِ اعظم نے کمیٹی کی جانب سے معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے بالغ نظری کا مظاہرہ کیا، جس سے تمام امور اتفاق رائے سے طے پائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری عوام کے تمام تحفظات دور کیے جائیں گے۔ عوامی مفاد اور امن ہماری اولین ترجیح ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت کا مشن جاری رہے گا۔