دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک کرسٹیانو رونالڈو تاریخ کے پہلے کھرب پتی فٹبالر بن گئے۔
امریکی جریدے بلومبرگ کے تازہ ترین بلینیئرز انڈیکس کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کی دولت کا تخمینہ 1.4 ارب ڈالرز لگایا گیا ہے۔
پرتگال کے سپر اسٹار اور سعودی کلب النصر کی نمائندگی کرنے والے رونالڈو کی دولت پاکستانی کرنسی میں تقریباً تین کھرب 93 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔
رونالڈو کی دولت میں اس وقت نمایاں اضافہ ہوا جب انہوں نے رواں برس جون میں سعودی کلب النصر کے ساتھ ایک نیا معاہدہ کیا، جس کی مالیت تقریباً 400 ملین ڈالر (ایک کھرب 13 ارب روپے سے زائد) بتائی گئی ہے۔
رونالڈو کا ارب پتی درجہ انہیں کھلاڑیوں کے ایک نایاب گروپ میں لے آیا ہے جس میں باسکٹ بال کے عظیم کھلاڑی مائیکل جارڈن، میجک جانسن اور لیبرون جیمز جبکہ گولفر ٹائیگر ووڈز اور ٹینس اسٹار راجر فیڈرر شامل ہیں۔
خیال رہے کہ رونالڈو اس بات کا عندیہ دے چکے ہیں کہ وہ فی الحال ریٹائرمنٹ پر غور نہیں کر رہے ہیں۔