ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں نے پولیس ٹریننگ اسکول پرحملے میں چھ دہشتگرد ہلاک،سات پولیس اہلکار شہید اور تیرہ زخمی ہوگئے۔
ڈی آئی خان کےبنوں روڈ پر واقع پولیس ٹریننگ اسکول پر دہشتگردوں نےرات ساڑھے آٹھ بجےحملہ کیا۔دہشتگردوں نےبارود سے بھری گاڑی دیوارسےٹکرا کر اندرداخل ہونے کی کوشش کی،سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی ۔
آپریشن کئی گھنٹے جاری رہا،جس میں چھ دہشتگردوں کوجہنم واصل کردیا گیا،حملے کے دوران سات پولیس اہلکارشہید اور تیرہ زخمی ہوئے،جنہیں ڈی ایچ کیو اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیاگیا،جہاں انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،حملے کے وقت اسکول میں دوسو سےزائد جوان موجود تھے جنہیں فوری طور پر محفوظ مقام پرمنتقل کر دیا گیا ۔
دہشتگردوں نےنادرا آفس میں مورچہ بنا کر آگ لگا دی جس کے باعث کئی گاڑیاں جل کرتباہ ہوگئیں۔ آپریشن مکمل ہونے کےبعدعلاقے میں پولیس اورسیکیورٹی کلیئرکردی گئی۔
پولیس لائنز میں شہداء کے جنازے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اورآئی جی پولیس شریک ہوں گے،ڈی آئی خان کےعوام نے پولیس اور سیکیورٹی فورسزکوخراجِ تحسین پیش کرتے ہوئےکہاکہ سیکیورٹی فورسز نے ایک بڑا سانحہ ہونے سےبچالیا،دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنا دیے۔

