ویلز میں ہونے والی ’’کیمرین پیٹرول ایکسرسائز‘‘میں پاک فوج کی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سونے کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ’’کیمرین پیٹرول ایکسرسائز‘‘ 3 سے 13 اکتوبر تک ویلز برطانیہ میں منعقد ہوئی۔یہ مشق اپنی نوعیت کی نہایت سخت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل عالمی فوجی مشق ہے جس میں دنیا بھر سے ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔
اس سال مشق میں 36 ممالک کی 137 ٹیموں نے شرکت کی۔انتہائی دشوار گزار علاقوں میں 48 گھنٹوں کے دوران 60 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنا اور مختلف فوجی اہداف مکمل کرنا اس مشق کا حصہ تھا۔ کیپٹن محمد سعد کی قیادت میں پاک فوج کی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی ٹیم کی کامیابی پوری قوم اور پاک فوج کے لیے باعث فخر ہے۔پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ تربیت اور نظم و ضبط نے پاک فوج کو دنیا بھر میں منفرد مقام دلایا ہے۔ترجمان کے مطابق عزم و ہمت کے ساتھ قومی پرچم بلند رکھنے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

