کے الیکٹرک کے اوسط بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 60 پیسے فی یونٹ کمی کردی گئی
کے الیکٹرک کے اوسط بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 60 پیسے فی یونٹ کمی کردی گئی۔ 39 روپے 97 پیسے سے کم کرکے 32روپے 37 پیسے کردیا گیا۔ نئی ترامیم سے ٹیرف میں مزید 4 سے 5 روپے کمی متوقع ہے۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کی پیداواری، ترسیلی اور سپلائی ٹیرف سے متعلق نظرثانی درخواستوں پر فیصلہ جاری کر دیا۔ کے الیکٹرک کے پچاس ارب روپے کے رائٹ آف کلیمز سے متعلق سابقہ فیصلہ برقرار رکھا گیا۔
نیپرا کے مطابق پاور ڈویژن، جماعت اسلامی کراچی اور دیگر نے نظرثانی درخواستیں دائر کی تھیں۔اتھارٹی نے قرار دیا کہ فیصلے میں ترمیم یا تبدیلی کی کوئی بنیاد نہیں پائی گئی۔ تاہم ٹیرف سے متعلق چند نکات میں ترامیم کی گئیں۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کا اوسط بنیادی ٹیرف 39 روپے سے کم کرکے 32روپے فی یونٹ مقرر کر دیا۔ ترامیم کے نتیجے میں کے الیکٹرک کے ٹیرف میں فی یونٹ 4 سے 5روپے کمی متوقع ہے۔اتھارٹی نے کہا کہ آئی پی پیز کو مکمل مدت کے لیے ٹیرف دیا جاتا ہے جبکہ کے الیکٹرک کو کم لاگت بجلی پر انحصار بڑھانا ہوگا۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کے تھرمل پلانٹس کی استعداد کار کا بھی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا۔ پاور ڈویژن کو ہدایت کی گئی ہے کہ پلانٹس کے خاتمے سے بجلی کی فراہمی متاثر نہ ہو۔ منسوخ یا ریٹائر پلانٹس کی فروخت سے حاصل مالی فائدہ یا نقصان صارفین کے مفاد میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔