پیرس — فرانس کے سابق صدر نکولا سرکوزی کو جیل کی سزا سنائے جانے کے بعد پیرس کے جنوب میں واقع تاریخی لا سانتے جیل منتقل کر دیا گیا۔
یہ پہلا موقع ہے جب فرانس کی پانچویں جمہوریہ کے کسی سابق صدر کو عملی طور پر قید کی سزا دی گئی ہو — ایک ایسا واقعہ جو ملک کی سیاسی تاریخ میں غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے۔
70 سالہ سرکوزی پر الزام تھا کہ انہوں نے 2007 کے صدارتی الیکشن میں اپنی انتخابی مہم کے لیے لیبیا کے سابق رہنما معمر قذافی سے غیر قانونی فنڈنگ حاصل کی۔
پیرس کی عدالت نے انہیں مجرمانہ سازش کا مرتکب قرار دیتے ہوئے قید کی سزا سنائی، جس کے بعد انہیں منگل کے روز لا سانتے جیل منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، جیل منتقلی کے وقت سرکوزی نے اپنے حامیوں کو ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔ ان کی درجنوں تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔
نکولا سرکوزی کی قید نے فرانس کے سیاسی حلقوں میں شدید ردِعمل پیدا کر دیا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق، یہ فیصلہ فرانس کے عدالتی نظام کی شفافیت کو ظاہر کرتا ہے، مگر ساتھ ہی یہ ملکی سیاست پر گہرا اثر ڈال سکتا ہے۔