واشنگٹن — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو رکوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
ٹرمپ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تجارت کے ذریعے آٹھ جنگیں رکوائیں، جن میں پاک–بھارت جنگ بھی شامل تھی۔ ان کے مطابق، "پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے دوران سات طیارے گرائے گئے، دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں۔ میں نے انہیں کہا اگر آپ جنگ کریں گے تو ہم آپ سے تجارت نہیں کریں گے۔ صرف 24 گھنٹے بعد دونوں نے کہا کہ ہم جنگ بندی کے لیے تیار ہیں۔”
سابق صدر کا کہنا تھا کہ ان کی انتظامیہ نے تجارتی دباؤ کے ذریعے عالمی تنازعات کم کیے اور کئی ممالک کو جنگ کے بجائے مذاکرات کی میز پر لایا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ آئندہ دو ہفتوں میں چین کے صدر کے ساتھ متعدد امور پر بات چیت کریں گے اور توقع ہے کہ مذاکرات کے نتائج مثبت ہوں گے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس حکام کے مطابق، فی الحال صدر ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان کسی ملاقات کا منصوبہ زیر غور نہیں۔
اسی طرح امریکہ اور روس کے وزرائے خارجہ کی ذاتی ملاقات بھی فی الحال طے نہیں پائی۔