اسلام آباد — پاکستان کی چار رکنی قومی ایتھلیٹکس ٹیم تیسری ایشین یوتھ گیمز 2025 میں شرکت کے لیے لاہور سے براستہ دبئی بحرین روانہ ہوگئی ہے۔
ٹیم میں تین مرد اور ایک خاتون ایتھلیٹ شامل ہیں، جن کے نام درج ذیل ہیں:
غلام مرتضیٰ
محمد بہرام خان
اقراء ریاض
محمد حسین فیض
ان کے ہمراہ کوچ سیمی رضوی بھی جا رہی ہیں جو ٹیم کی تربیت اور رہنمائی کے فرائض انجام دیں گی۔روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوچ سیمی رضوی نے کہا کہ “قوم کی دعائیں ہمارے کھلاڑیوں کے ساتھ ہیں، ان شاءاللہ نوجوان ایتھلیٹس شاندار کارکردگی دکھا کر ملک کا نام روشن کریں گے۔ یہ ایونٹ کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر سیکھنے اور تجربہ حاصل کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔”
ساؤتھ ایشیا ایتھلیٹکس فیڈریشن کے چیئرمین اور ایشیا ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی نے ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اسی طرح پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) وجاہت حسین نے بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم بحرین میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
تیسری ایشین یوتھ گیمز 22 اکتوبر سے 31 اکتوبر 2025 تک بحرین میں جاری رہیں گی، جس میں ایشیا کے درجنوں ممالک کے نوجوان کھلاڑی مختلف کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔